36

🌛 🌈 چاندنی کی قوس قزح Moonbow 🌛 🌈

🌛 🌈 چاندنی کی قوس قزح Moonbow 🌛 🌈
تحریر سلمان رضا اصغر

قوس قزح کے بارے میں عام لوگوں کا کہنا تو یہی ہے کہ یہ صرف فضا میں معلق پانی کے ذرات کے ذریعے ہی دھوپ کے پیرہن کو چاک کرنے پر نمودار ہوتی اور جو ایک حد تک ٹھیک بات بھی ہے, لیکن یہ دھوپ جب چاندنی کا روپ دھار کر زمین کی آبی بخارات سے مرصع و مسجع فضا میں اترتی ہے تو تب بھی قوس قزح کا بہروپ بھرتی ہے اور غروب آفتاب کے بعد چاندنی سے تیار اس اچھوتی قوس قزح کا نظارہ صرف خوش قسمت لوگ ہی کر پاتے ہیں.

🌛اس اچھوتی قوس قزح کو چاندنی کی قوس قزح moonbow یا چاند کی قوس وقزح lunar rainbow کے نام سے جانا جاتا ہے. یہ سورج سے بننے والے والی قوس قزح کے نسبت بے حد ہلکے اور مدھم رنگوں پر مشتمل ہوتی ہے اور شاذ ونادر ہی کوئی تیز نگاہ ان کو دیکھ پاتی ہے.جیسا کہ تیز روشنی ہی ہماری آنکھوں میں رنگوں کو نمایاں کرتی ہے اور چاندنی اس قدر تیزی نہیں رکھتی کہ آنکھوں کے رنگ تیار کرنے والے فوٹو ریسیپٹرز یا کونز خلیوں کو جوش دلا سکے کہ وہ رنگ کے سگنلز پیدا کر کے دماغ کو بھیج سکیں.

🌛چاندنی قوس قزح بھی دن میں دھوپ سے بننے والی قوس قزح جیسی ہی ہوتی ہے لیکن اس کی تیاری میں چاند کا پوری طرح روشن یا مکمل سے تھوڑا کم ہونے کے ساتھ ساتھ آسمان پر 42 ڈگری کے زاویے سے کم زاویے پر ہونا بے حد ضروری ہے اور ساتھ ہی فضا میں پانی کے معلق ذرات کا بھی جو بارش یا پھوار پڑنے کے بعد ہی ممکن ہوتا ہے. مکمل روشن چاند کی تیز روشنی پانی کے معلق ذرات میں ایک خاص زاویے سے گزرتے ہوئے مڑتی و منعطف refract ہوتی ہے او قوس قزح کے رنگوں میں بکھر جاتی ہے.

🌈 اس قوس قزح کو غروب آفتاب کے کچھ گھنٹوں بعد یا طلوع آفتاب سے چند گھنٹے قبل بہترین طور بارش ک بعد یا آبشاروں کے نزدیک دیکھا جا سکتا ہے. اسے دیکھنے کے لئے پورے چاند کا روشن چہرہ دیکھنے والے کے عقب میں ہونا چاہئے .اکثر یہ انسانی آنکھوں کو اپنی موجودگی کے باوجود نظر نہیں آتی ہے لیکن مختلف کیمروں سے ان کا عکس محفوظ کر کے دیکھا جاسکتا ہے.

👣 سلمان رضا

https://www.facebook.com/ilmkijustju/

https://www.facebook.com/groups/AutoPrince/

http://justju.pk

اس مضمون پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں